مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی مخیر حضرات سے الخدمت تعلیمی پروگرام میں بھرپور تعاون کی اپیل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان، رکن صوبائی اسمبلی گوادر اور چیئرمین الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مخیر حضرات، صنعت کار، سرمایہ دار اور صاحبِ حیثیت افراد یتیم، نادار اور مستحق بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم حاصل کر کے اپنے اور صوبے کے روشن مستقبل کی تعمیر میں کردار ادا کر سکیں۔
کوئٹہ پریس کلب میں الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے بچوں کو تعلیمی وظائف اور اسکالرشپس فراہم کرنے میں صوبے سے باہر کے اہلِ خیر زیادہ کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ مقامی صاحبِ حیثیت افراد کو بھی اس قومی و دینی فریضے میں آگے آنا چاہیے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ کروڑوں روپے کی گاڑیاں خریدنے والے افراد کو چاہیے کہ وہ اپنی آخرت کی بہتری کے لیے بلوچستان کے مستحق بچوں کی معیاری تعلیم میں سرمایہ کاری کریں اور الخدمت کے اسکالرشپ پروگرام کا حصہ بنیں۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان نے رواں سال سو سے زائد یتیم اور مستحق طلبہ و طالبات کو تعلیمی وظائف فراہم کیے ہیں، جس سے ان بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے میں مدد ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ “بلوچستان پڑھے گا تو آگے بڑھے گا” کے وژن کے تحت جماعت اسلامی “پڑھتا بڑھتا بلوچستان” مہم چلا رہی ہے، جس کا مقصد تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر عبدالمجید سربازی، سماجی رہنما علاوالدین خلجی، جماعت اسلامی کے اعجاز محبوب، قاضی محمد عارف اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ بلوچستان کو پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے معیاری تعلیم ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت، بے روزگاری اور وسائل کی کمی کے باعث ہزاروں بچے تعلیم سے محروم ہو رہے ہیں، جس کے منفی اثرات مستقبل کی قیادت پر پڑ سکتے ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے “بنو قابل” پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی و تعلیمی منصوبے بلوچستان میں شعور، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مخیر حضرات، تاجروں اور صنعت کاروں سے اپیل کی کہ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعلیمی پروگراموں میں بھرپور تعاون کریں تاکہ مزید مستحق بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور بلوچستان کو ایک روشن اور ترقی یافتہ صوبہ بنایا جا سکے۔
