کوئٹہ خضدار ہائی وے پر شہری کے قتل کی شدید مذمت، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ خضدار ہائی وے کے مقام پر نوجوان محمد وقار خان بڑیچ کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں جاری بدامنی، قتل و غارت اور قومی شاہراہوں پر بے گناہ شہریوں کا خون بہنا وفاقی و صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مطابق شہید وقار خان بڑیچ اپنی والدہ اور اہلِ خانہ کے ہمراہ ایک مریض کو علاج کے لیے کراچی لے جا رہے تھے کہ راستے میں دہشت گردوں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ افسوسناک واقعہ اس حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے کہ صوبے میں شہریوں کی جان، مال اور عزت محفوظ نہیں رہی۔ پارٹی نے کہا کہ ریاست، حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، تاہم بار بار کے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ شہری غیر محفوظ ہیں۔
پارٹی نے کہا کہ ہزاروں چیک پوسٹوں، سیکیورٹی انتظامات اور بھاری بجٹ کے باوجود شہریوں کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جا سکا، جس پر متعلقہ اداروں کو جواب دینا ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہر واقعے کے بعد محض مذمتی بیانات جاری کیے جاتے ہیں جبکہ اصل ذمہ دار آزاد گھوم رہے ہیں، جو صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ محمد وقار خان بڑیچ کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور سیکیورٹی اداروں کی غفلت کا تعین کیا جائے۔
آخر میں پارٹی نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
