عثمان کاکڑ کی برسی کا جلسہ موٹر سائیکل ریلی، پروجیکٹر مہم اور عوامی رابطے شروع، جبر، ناانصافی اور غیر جمہوری رویوں کے خلاف عثمان کاکڑ کا بیانیہ آج بھی زندہ ہے، پشتونخوا نیپ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کا ایک اہم اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پانچویں برسی کے موقع پر 21 جون کو فٹبال اسٹیڈیم قلعہ سیف اللہ میں منعقد ہونے والے عظیم الشان عوامی و سیاسی جلسہ عام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف تنظیمی، انتظامی اور تشہیری امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین و سابق سینیٹر رضا محمد رضا، مرکزی سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاکڑ، صوبائی ایگزیکٹو کے اراکین رحمت اللہ صابر، سلیمان خان بازئی، عبیداللہ توخی، جمعہ خان زرکون، سید احسان آغا سمیت ضلعی ایگزیکٹو کے اراکین، علاقائی سیکریٹریوں اور دیگر ذمہ دار کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف علاقائی سیکریٹریوں اور تنظیمی ذمہ داران نے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی برسی کے سلسلے میں جاری تیاریوں کے حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹس پیش کیں۔ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس نے مجموعی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کوئٹہ سمیت ضلع بھر سے ہزاروں کارکن، ہمدرد، سیاسی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد 21 جون کو قلعہ سیف اللہ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ عام کی تشہیر اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 18 جون کو ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ سے ایک بڑی موٹر سائیکل ریلی نکالی جائے گی جو شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور مختلف علاقوں کا گشت کرے گی۔ ریلی میں پارٹی کے جھنڈوں کے ساتھ ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی تصاویر، بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کیے جائیں گے، جبکہ شہر بھر میں جلسے کے حوالے سے اعلانات بھی کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام تک پیغام پہنچایا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جدید تشہیری ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر پروجیکٹر کے ذریعے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی تقاریر، سیاسی جدوجہد، پارلیمانی کردار، قومی خدمات اور عوامی سرگرمیوں پر مبنی دستاویزی مواد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو ان کی سیاسی فکر، قومی جدوجہد اور جمہوری کردار سے آگاہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع اور شہروں میں ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی برسی کے سلسلے میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں، جبکہ قلعہ سیف اللہ میں جلسہ عام کے انتظامات اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ پارٹی کے مختلف تنظیمی ڈھانچے، ضلعی اور علاقائی کمیٹیاں دن رات محنت کرتے ہوئے جلسے کی کامیابی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ نے اپنی پوری سیاسی زندگی پشتون قوم کے قومی حقوق، جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمانی نظام، صوبائی خودمختاری، انسانی حقوق اور محکوم اقوام کے حقوق کے حصول کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے ہر قسم کی ناانصافی، جبر اور غیر جمہوری اقدامات کے خلاف جرات مندانہ آواز بلند کی اور عوامی حقوق کے دفاع کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔ 21 جون کا جلسہ عام ان کی قومی، جمہوری اور سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے افکار اور جدوجہد کے تسلسل کے عزم کی تجدید کا بھی مظہر ہوگا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جلسہ عام سے پارٹی کے چیئرمین پشتون خان کاکڑ، شریک چیئرمین استاد مختار خان یوسفزئی، سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا، مرکزی سیکریٹری جنرل خورشید کاکاجی سمیت پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پشتون قومی تحریک، جمہوریت، آئینی حقوق اور عوامی مسائل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرے گی۔ اجلاس میں اس امر پر خصوصی اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ عوام جس جوش و خروش، محبت اور وابستگی کے ساتھ ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی برسی کے جلسے کو پذیرائی دے رہے ہیں، وہ انتہائی حوصلہ افزا اور خوش آئند ہے۔ عوامی دلچسپی اور کارکنوں کے جذبے سے واضح ہوتا ہے کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کی جدوجہد لوگوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر عوام، کارکنوں، ہمدردوں، نوجوانوں اور جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ 21 جون کو قلعہ سیف اللہ میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرکے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی قومی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کریں۔ پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ جلسہ عام کی کامیابی کے لیے اپنی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں، عوامی رابطوں کو مضبوط بنائیں اور ہر سطح پر منظم انداز میں کام کرتے ہوئے اس تاریخی اجتماع کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

WhatsApp
Get Alert