سرکاری ملازمین کا معاشی استحصال: بلوچستان گرینڈ الائنس اور جے یو آئی کے درمیان مسائل کے حل پر اتفاق
مہنگائی کے طوفان میں تنخواہوں کا عدم توازن: مولانا عبدالواسع کی ملازمین کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھانے کی یقین دہانی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان گرینڈ الائنس کے قائدین نے جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر اور سینیٹر مولانا عبد الواسع سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل، چارٹر آف ڈیمانڈ اور ان کے حقوق کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بلوچستان گرینڈ الائنس کے مرکزی آرگنائزر ملک قدوس کاکڑ، ڈپٹی مرکزی آرگنائزر حاجی محمد شفا مینگل اور آرگنائزر کمیٹی کے رکن یونس کاکڑ شریک تھے، جبکہ سینیٹر مولانا عبد الواسع نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے مطالبات کو تفصیل سے سنا۔ملاقات کے دوران الائنس کے رہنماں نے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے سرکاری ملازمین عرصہ دراز سے مہنگائی، تنخواہوں و مراعات میں عدم توازن، سروس اسٹرکچر اور اپ گریڈیشن جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں تو اس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ملازمین کسی بھی ریاستی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے وہ ان کے جائز مطالبات کو متعلقہ فورمز پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور مثر انداز میں آواز بلند کرنے کے لیے تیار ہیں۔
