کوئٹہ میں احتجاج کے دوران آنسو گیس شیلنگ کی زد میں 6 سالہ بچی بھی آ گئی، شہری حلقوں میں شدید تشویش

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان بجٹ اور بلوچستان گرینڈ الائنس کے احتجاج کے دوران ہونے والی آنسو گیس شیلنگ کی زد میں ایک چھ سالہ معصوم بچی بھی آ گئی، جس کے بعد شہری اور سماجی حلقوں کی جانب سے عام شہریوں، خصوصا بچوں اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب چھ سالہ بچی ایک جوس فروش کی ریڑھی کے قریب کھڑی جوس پی رہی تھی کہ اسی دوران احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے کی جانے والی آنسو گیس شیلنگ کے بادل اس علاقے تک پہنچ گئے۔ شدید دھوئیں، خوف اور سانس لینے میں شدید دشواری کے باعث معصوم بچی بری طرح متاثر ہو کر روتی رہی، جبکہ وہاں موجود افراد نے اسے فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کی۔موقع پر موجود افراد کے مطابق معصوم بچی کی حالت دیکھ کر کئی افراد آبدیدہ ہو گئے، جبکہ خواتین اور دیگر شہریوں نے بھی آنسو گیس کے مضرت رساں اثرات سے بچنے کے لیے قریبی محفوظ مقامات کی جانب پناہ لی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس احتجاجی صورتحال کے دوران نہ صرف مظاہرین بلکہ عام شہری، مقامی دکاندار، راہگیر اور بچے بھی غیر معمولی حالات اور شدید شیلنگ کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے۔ واقعے کی تصاویر اور عینی شاہدین کے بیانات سامنے آنے کے بعد مختلف سماجی، عوامی اور شہری حلقوں کی جانب سے حکومت اور انتظامیہ سے اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ احتجاجی صورتحال سے نمٹنے کے دوران ایسے طریقے اور اقدامات اختیار کیے جائیں جن سے بے گناہ شہری، خصوصا معصوم بچے، خواتین اور بزرگ متاثر نہ ہوں۔
