سوئی میں فائرنگ سے وزیراعلیٰ کے قریبی ساتھی کے والد جاں بحق، فرائض میں غفلت پر 7 پولیس اہلکار معطل

ڈیرہ بگٹی(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں اے سی گرانڈ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سوئی کے علاقے اے سی گرانڈ کے نزدیک نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی شخص کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عالم خان بگٹی کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے قریبی ساتھی رستم کلپر بگٹی کے والد تھے۔ واقعے کے فورا بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا، تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک مقدمہ درج ہونے یا کسی ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی سرکاری اطلاع سامنے نہیں آ سکی۔دوسری جانب، ضلع ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں پیش آنے والے قتل اور دیگر جرائم کے واقعات کے سلسلے میں فرائض میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ ایس پی ڈیرہ بگٹی ضیا الحق مندوخیل نے ڈیوٹی کے دوران لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرنے پر 7 اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق برطرف کیے گئے اہلکاروں میں تین ہیڈ کانسٹیبل اور چار کانسٹیبل شامل ہیں۔ نوکری سے فارغ کیے جانے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل خوشحال، کانسٹیبل شاہ فیصل، ہیڈ کانسٹیبل دوست محمد، کانسٹیبل محمد یاسین، کانسٹیبل نیاز محمد، کانسٹیبل نواز شریف اور ہیڈ کانسٹیبل شیر علی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکاروں کے خلاف یہ کارروائی ان کی مجرمانہ غفلت اور غیر سنجیدہ رویے کی تصدیق ہونے کے بعد محکمانہ ضوابط کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق فرائض میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا سست روی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور آئندہ بھی غفلت کے مرتکب پائے جانے والے اہلکاروں کے خلاف اسی طرح کے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
