کوئٹہ‘ رشتے سے انکار پر بھائی کا قتل اور بھتیجی کا اغواء، مرکزئی ملزم بلوچستان پولیس کا ملازم ‘ ملزمان کی عدم گرفتاری پر لواحقین کی خودسوزی کی دھمکی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) قلات کی رہائشی شاہ بی بی اور رخسانہ عزیز نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ رشتے سے انکار پر ایک پولیس اہلکار نے ان کے بھائی کو قتل اور بھتیجی کو اغواء کر لیا ہے، تین ماہ گزرنے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے، متاثرہ خاندان نے انصاف نہ ملنے کی صورت میں خودسوزی کی دھمکی دے دی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رخسانہ عزیز نے بتایا کہ ان کے بھائی عبدالستار نیچاری کو تین ماہ قبل بے دردی سے قتل کیا گیا، جبکہ 19 مارچ کو ان کی بھتیجی لائبہ ستار کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا۔ واقعے کے بعد ان کے گھر میں ایک پرچی بھیجی گئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ لڑکی کو کالعدم تنظیم نے اپنے پاس رکھا ہے۔ تاہم، جب ہم نے تحقیقات کے لیے سیکیورٹی فورسز سے رابطہ کیا تو انہوں نے واضح کیا کہ لڑکی کسی کالعدم تنظیم کے پاس نہیں ہے بلکہ اسے عبدالسلام نامی شخص نے اغواء کیا ہے۔
رخسانہ عزیز نے واقعے کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل عبدالسلام نے لائبہ کا رشتہ مانگا تھا جسے ہم نے مسترد کر دیا تھا۔ اسی رشتے سے انکار پر عبدالسلام نے لڑکی کے والد اور میرے بھائی عبدالستار کو گولیاں مار کر قتل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد لواحقین کے شدید احتجاج پر پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی اور ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی بھی کرائی، لیکن تین ماہ کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ملزم عبدالسلام خود بھی پولیس محکمے میں ملازم ہے اور لاپتہ لڑکی لائبہ ستار تاحال بازیاب نہیں ہو سکی ہے۔
اس موقع پر مقتول عبدالستار کی والدہ شاہ بی بی نے انتہائی دل گرفتہ انداز میں کہا کہ قلات پولیس کھلے عام دندناتے پھرنے والے ملزمان عبدالسلام اور اس کے بھائی طیب کو گرفتار نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ “ہمیں بتائیں ہم کس سے انصاف طلب کریں؟”
لواحقین نے وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس سے پرزور اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ والدہ شاہ بی بی نے خبردار کیا کہ اگر ان کے بیٹے کے قاتل کو فوری گرفتار نہ کیا گیا تو وہ مجبوراً خود پر تیل چھڑک کر آگ لگا لیں گی۔
