ایکشن کمیٹی نے امن کو خراب کیا، جائز مطالبات پورے ہونےکے باوجود مہاجرین نشستوں کو احتجاج کیلئےجواز بنایاگیا: چیف سیکرٹری آزاد کشمیر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے آزاد کشمیر میں امن و امان قائم کرنے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیدیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نےکہا کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں سے ریاست کا امن خراب ہوا۔
انہوں نے کہا حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر حکومت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 20 سے 25 ارب روپے فراہم کیے، جائز مطالبات پورے ہونےکے باوجود احتجاج کا راستہ اختیار کیا گیا، مہاجرین کی 12 سیٹوں کو احتجاج کے لیے جواز بنایا گیا۔
چیف سیکرٹری خوشحال خان نے بتایا پہلے آٹے اور بجلی کی قیمتوں سے عوامی ہمدردی حاصل کی، مطالبات بڑھتے بڑھتے نوبت یہاں تک آگئی، انہوں نے ساتھ ہی واضح کیا کہ ریاست میں قانون کی بالادستی اور شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائےگا۔
ادھر آئی جی آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے چیف سیکرٹری کےہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ شرپسند عناصر آزاد کشمیر کا امن داؤ پر لگا رہے ہیں، شرپسندوں نے پولیس اہلکاروں کو شہید کرکے جسدِ خاکی کی بے حرمتی کی، پولیس کو فائرنگ کی صورت میں جوابی کارروائی کا پورا حق ہے۔
آئی جی لیاقت علی ملک نے واضح کیا آزاد کشمیر میں حکومت کی رٹ ہر صورت قائم رہے گی، آزاد کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور رہےگا۔

WhatsApp
Get Alert