کوئٹہ شہر کی تباہ صورتحال اور اربوں روپے کی کرپشن پر خاموش نہیں رہ سکتے، صفا کوئٹہ کے نام پر بھتہ خوری بند کی جائے، تحریک انصاف


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماں سابق میئر کوئٹہ رحیم کاکڑ، سردار حسن جمیل بوستان ایڈووکیٹ، میروائیس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ، عمر فاروق ایڈووکیٹ، عبداللہ ایڈووکیٹ اور سردار بہلول خان کاکڑ نے کوئٹہ شہر کی تباہ صورتحال پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالانہ اربوں روپے کرپٹ میٹروپولیٹن انتظامیہ، ترقیاتی اسکیمات، اسٹریٹ لائٹس، ڈیزل فیول اور تنخواہوں کے نام پر ضائع کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ظلم کی انتہا یہ ہے کہ عوام کو “صفا کوئٹہ” کے نام پر فی گھر 500 روپے ماہوار کے حساب سے لوٹا جا رہا ہے، جسے پی ٹی آئی کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔رہنماں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کوئٹہ شہر اس وقت آوارہ کتوں کی بھرمار اور گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے شدید ترین مسائل کا شکار ہے، جبکہ ترقیاتی کاموں کے نام پر اربوں روپے کا فراڈ اور بلڈنگ کوڈ کی کھلی خلاف ورزی جیسے سنگین واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک ایماندار آفیسر ہیں، لیکن ہم پوچھتے ہیں کہ وہ ایماندار آفیسر کہاں ہے؟ وہ سامنے آئیں اور شہر کی حالتِ زار سدھار کر اپنی ایمانداری ثابت کریں۔تحریک انصاف کے رہنماں نے واضح کیا کہ تباہ حال کوئٹہ شہر، میٹروپولیٹن کی برباد کارکردگی اور گندگی سے بھرے شہر کو صاف کرنے والا کوئی نظر نہیں آتا۔ پی ٹی آئی انتظامیہ کے ان تمام عوام دشمن اقدامات اور لوٹ مار کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ شہر کی صفائی کو یقینی بنا کر کرپشن کا خاتمہ کیا جائے اور عوام پر لگایا گیا غیر قانونی ماہوار ٹیکس فوری واپس لیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert