ملک بھر میں کورونا اور اومیکرون کے کیسز میں اضافہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں عالمی وبا کورونا اور نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 1.8 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔

کورونا کیسز کی صورتحال
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔اب کورونا سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 28ہزار950 ہوگئی ہے۔


این سی اوسی کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 49 ہزار 673 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے کورونا کے مزید 898 کیسز مثبت نکلے۔ ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 1.8 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔

اومیکرون کی صورتحال
اسلام آباد میں اومیکرون کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے۔ضلعی محکمہ صحت نے مزید 23 افراد میں اومی کرون کی تصدیق کی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں اومیکرون کے 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔


متاثرہ تمام افراد کو اومیکرون ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ڈی ایچ او ڈاکٹر زعیم نے بتایا کہ مزید نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اسلام آباد میںاومیکرون کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 141 ہوگئی ہے۔
اومیکرون وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے، اسد عمر
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اومیکرون کے پھیلنے کی رفتار بہت تیز ہے ، ابھی تک کسی نے ویکسی نیشن نہیں کروائی تو فوری ویکسی نیشن کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔اسد عمر نے مزید کہاکہ اومیکرون جنوبی افریقہ سے پھیلنا شروع ہوا ، عوام ماسک پہنیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔