پشتون قوم اپنے حقوق کے حصول، قومی وحدت، جمہوری اقدار کے فروغ اور اپنے وسائل پر اختیار کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے ،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں 21 جون کو ضلع قلعہ سیف اللہ میں پشتون قومی تحریک کے عظیم رہنما، ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پانچویں برسی کے موقع پر منعقد ہونے والے تاریخی، فقیدالمثال، عظیم الشان اور کامیاب جلس عام پر جنوبی پشتونخوا سمیت ملک بھر سے شرکت کرنے والے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع سے تعلق رہنے والے عوام، پارٹی کارکنوں، محنت کشوں، کسانوں، زمینداروں، ادیبوں، شاعروں، تاجروں، کاروباری طبقے، خواتین، نوجوانوں، طلبہ، اساتذہ، ڈاکٹروں، انجینئرز، وکلا، دانشوروں، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے جس بھرپور انداز میں جلس عام میں شرکت کی، اس نے یہ ثابت کر دیا کہ پشتون عوام ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے فکر و فلسفے، ان کی سیاسی جدوجہد اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے قومی مقف سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ قلعہ سیف اللہ کے عظیم الشان جلس عام نے ایک بار پھر یہ واضح کر دیا کہ غیور، باشعور اور وطن دوست پشتون عوام اپنی قومی سیاسی جماعت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور اپنے قومی، جمہوری اور آئینی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ جلسے میں عوام کی بے مثال شرکت، جوش و خروش، نظم و ضبط اور سیاسی شعور نے اس حقیقت کو مزید اجاگر کیا کہ پشتون قوم اپنے قومی تشخص، وسائل اور حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر متحد ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ نے اپنی پوری زندگی پشتون قومی تحریک، جمہوریت، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق اور محکوم اقوام کے حقوق کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ پشتون ملی نجات تحریک کے روحِ رواں اور ایک نڈر، اصولی اور عوام دوست رہنما تھے۔ انہوں نے ہر قسم کے جبر، استحصال، ناانصافی، آمریت اور قومی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والی قوتوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔ ان کی لازوال قربانی، سیاسی بصیرت، استقامت اور عوامی خدمت نے انہیں پشتون قوم کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے امر کر دیا ہے۔ قلعہ سیف اللہ کے جلس عام میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کا واضح ثبوت تھا کہ ملی شہید کے نظریات آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ پارٹی نے اس تاریخی اعتماد، محبت اور بھرپور عوامی حمایت پر تمام عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بالخصوص پارٹی کے کارکنوں، ضلعی سیکریٹریوں، ضلعی تنظیموں، مختلف ذیلی تنظیموں، رضاکاروں اور ضلع قلعہ سیف اللہ کے ایگزیکٹو اور کارکنوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس عظیم الشان جلس عام اور کامیاب کانفرنس کے انعقاد کے لیے شب و روز انتھک محنت کی اور ہر سطح پر بہترین انتظامات کو یقینی بنایا۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ قلعہ سیف اللہ کا یہ تاریخی اجتماع اپنی نوعیت کے اعتبار سے صوبے کی سیاسی تاریخ کا ایک منفرد، ولولہ انگیز، باشعور اور جذب قربانی سے سرشار عوامی اجتماع تھا، جس نے پشتون قومی سیاست میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ پارٹی سمجھتی ہے کہ یہ جلسہ پشتون قومی تحریک، جمہوری جدوجہد اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور مستقبل کی جدوجہد کے لیے نئی راہیں متعین کرے گا۔بیان میں کہا گیا کہ وہ تمام قوتیں جو پشتونوں کے سیاسی, معاشی، سماجی اور قومی حقوق غصب کرنے، ان کے وسائل پر قبضہ جمانے اور انہیں اپنے ہی وطن میں محرومیوں سے دوچار رکھنے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، انہیں قلعہ سیف اللہ کے اس تاریخی عوامی اجتماع سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ عوام کی بھرپور شرکت نے واضح پیغام دیا ہے کہ پشتون قوم اپنے حقوق کے حصول، قومی وحدت، جمہوری اقدار کے فروغ اور اپنے وسائل پر اختیار کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پشتون عوام کے قومی، آئینی، جمہوری، سیاسی اور معاشی حقوق کے حصول، غیر قانونی الاٹمنٹس کے خاتمے، عوامی زمینوں کے تحفظ، تاجروں کو درپیش مشکلات کے حل، امن و امان کے قیام، بے روزگاری کے خاتمے، تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی اور مجموعی طور پر پشتون قوم کو درپیش تمام اجتماعی مسائل کے حل کے لیے اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد مزید تیز کرے گی۔ پریس ریلیز کے اختتام پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ایک مرتبہ پھر جلس عام میں شرکت کرنے والے تمام عوام، کارکنوں، ہمدردوں، دوستوں، سیاسی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام مستقبل میں بھی پارٹی کی قومی، جمہوری اور عوامی جدوجہد میں اسی جوش و جذبے کے ساتھ بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
