جھل مگسی میں مسلح افراد کی فائرنگ، دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی

جھل مگسی(ڈیلی قدرت کوئٹہ) ضلع جھل مگسی کے علاقے گوٹھ در مٹھازی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گوٹھ در مٹھازی میں نامعلوم مسلح افراد نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گدا حسین اور علی حسن شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ میر حسن فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فورا بعد مقامی افراد نے زخمی کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں اسے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی اور ضروری ضابطے مکمل کرنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی رائے مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئے گی۔ واقعے میں ملوث عناصر کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے اور انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی، جس کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ مقامی عمائدین اور معتبرین نے بھی فریقین سے تحمل اور قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کی ہے۔
