کرکٹ کی دنیا کا بڑا اپ سیٹ؛ آئرلینڈ کا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عالمی چیمپئن بھارت کو تاریخی وائٹ واش


ڈبلن(قدرت روزنامہ)کرکٹ کی تاریخ کا ایک انتہائی سنسنی خیز اور ناقابلِ یقین باب اس وقت رقم ہوا جب آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں عالمی چیمپئن بھارت کو صرف 1 رن سے ہرا کر 2-0 سے تاریخی کلین سویپ مکمل کر لیا، 2023ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی ٹیم کو کسی بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
اتوار کے روز اسٹورمونٹ میں واقع سول سروس کرکٹ کلب میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز کا لڑاکا ہدف بورڈ پر سجایا، آئرش ٹیم کی جانب سے ہیری ٹیکٹر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ کلیٹز نے 23 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا، بھارت کی جانب سے پرنس یادو سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں صرف 22 رنز دے کر 3 وکٹیں اڑائیں، ان کے علاوہ شیوم دوبے اور ارشدیپ سنگھ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
155 رنز کے تعاقب میں کینگروز اور کلاسک کرکٹ کو پچھاڑنے والی بھارتی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ بھارت کے دونوں اوپنرز پہلی ہی گیند پر کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے، اوپنر ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن دونوں ‘گولڈن ڈک’ کا شکار ہو کر پویلین لوٹے، انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے نئے کھلاڑی سوریاش بھی دباؤ برقرار نہ رکھ سکے اور صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ابتدائی جھٹکوں کے بعد تلک ورما نے محاذ سنبھالا اور 46 گیندوں پر 55 رنز کی ففٹی اسکور کرکے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا، شیوم دوبے نے بھی 16 گیندوں پر 20 رنز بنا کر مزاحمت کی، لیکن وہ ٹیم کو پار نہ لگا سکے، بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹیں گنوا کر 153 رنز تک ہی پہنچ سکی اور صرف 1 رن کے معمولی فرق سے میچ اور سیریز دونوں ہار گئی، آئرلینڈ کی جانب سے جے موونڈرا اور میٹ ہالارڈ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کر کے بھارتی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، جبکہ میتھیو ہمفریز اور ہیری ٹیکٹر نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔
یاد رہے کہ آئرلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کو 34 رنز سے چت کیا تھا، جو آئرش کرکٹ کی تاریخ میں بھارت کے خلاف کسی بھی انٹرنیشنل میچ میں پہلی فتح تھی، اب دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ ہی آئرلینڈ نے کرکٹ کی دنیا پر راج کرنے والے بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر 0-2 سے سیریز ہرا کر دنیا کو حیران کر دیا۔

WhatsApp
Get Alert