حالات اتنے بھی برے نہیں کہ کفن نہیں مل رہا، آغا رفیع اللہ

کفن کے بغیر دفنانے کا مقصد سستی شہرت حاصل کرنا بھی ہو سکتا ہے؛ رہنما پیپلزپارٹی کا باپ کے بغیر کفن بیٹے کو دفنانے کی کوشش پر ردعمل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آغا رفیع اللہ نے ملتان میں غربت کے باعث بیٹے کو بغیر کفن کے دفنانے کے لیے لے جانے والے واقعے پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سستی شہرت حاصل کرنے کا ایک طریقہ کار قرار دے دیا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آغا رفیع اللہ نے کہا کہ کسی کو بھی بغیر کفن کے دفنانے کی کوشش کرنا انتہائی غلط حرکت ہے، اس پورے معاملے کا مقصد محض سستی شہرت حاصل کرنا بھی ہو سکتا ہے، کیونکہ اس معاشرے میں سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے یہ غلط طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بالفرض حکومت بے حس ہو جائے یا ملک کے حکمران بے حس ہو جائیں، تو بھی اس ملک کے لوگ اور پڑوسی بے حس نہیں ہیں، پاکستان میں اتنی بڑی تعداد میں فلاحی تنظیمیں کام کر رہی ہیں جو ایسے معاملات میں فوری مدد کرتی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نے واضح کیا کہ یہ کام چاہے شہرت کے لیے کیا جائے یا کوئی کسی بھی اور وجہ سے کرے، یہ ملک کا سو فیصد غلط تاثر بنا رہا ہے، کسی کو بھی بغیر کفن کے دفنانا سراسر ایک غلط کام ہے جس کی کسی صورت حمایت نہیں کی جا سکتی۔

WhatsApp
Get Alert