پشین کے محنت کش نوجوان ولی رحمان کی پراسرار گمشدگی، متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

پانچ دن گزرنے کے باوجود عدم بازیابی باعث تشویش ہے، فوری بازیاب نہ کیا گیا تو سخت احتجاج کریں گے، پریس ریلیز


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں ضلع پشین کے علاقوں زرغون اور خوشاب سے تعلق رکھنے والے محنت کش نوجوان ولی رحمان ولد کبیر لالا کی پراسرار گمشدگی پر شدید تشویش، غم و غصے اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ دن گزر جانے کے باوجود ولی رحمان کی عدم بازیابی صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ بیان کے مطابق ولی رحمان ایک غریب، محنت کش اور شریف نوجوان ہے، جو اپنے خاندان کی کفالت کے لیے کوئٹہ کے قریب منگلا کے علاقے میں چوکیداری کے فرائض انجام دے رہا تھا۔ اس کی پراسرار گمشدگی نے اہلِ خانہ کو شدید ذہنی اذیت اور بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ علاقے کے عوام میں بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اگر ایک محنت کش شہری کئی دنوں تک لاپتہ رہے اور ریاستی ادارے اس کی بازیابی میں ناکام رہیں تو یہ امن و امان اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق حکومتی دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔ بلوچستان، خصوصاً پشتون علاقوں میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، اغوا، پراسرار گمشدگیوں اور دیگر جرائم میں اضافہ عوام کے لیے باعثِ تشویش ہے، جس کی روک تھام حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے حکومت، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ولی رحمان کی فوری، محفوظ اور باعزت بازیابی کو یقینی بنایا جائے، واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور اہلِ خانہ کو پیش رفت سے باخبر رکھا جائے۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر ولی رحمان کی بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو پارٹی زرغون، خوشاب، پشین، کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں احتجاجی تحریک، مظاہروں اور دیگر آئینی و جمہوری اقدامات کا حق محفوظ رکھتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔ بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر قسم کی ناانصافی، جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور ولی رحمان کی بازیابی تک ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ پارٹی نے ایک بار پھر فوری بازیابی، شفاف تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert