صدر مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کی اہم ملاقات

سرفراز بگٹی اور مراد علی شاہ کی صوبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ، عوامی فلاح کے منصوبے تیز کرنے کی ہدایت


بین الصوبائی تعاون کے فروغ سے عوامی مسائل کے حل اور ملکی استحکام کو تقویت ملے گی، صدر مملکت
کراچی(قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ملاقات کی۔ ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس ملاقات کے دوران دونوں وزرائے اعلیٰ نے صدر مملکت کو اپنے اپنے صوبوں میں جاری ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں وفاقی حکومت سے متعلق بین الصوبائی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے دونوں وزرائے اعلیٰ کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کریں تاکہ صوبوں کے عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد مل سکیں اور ان کے بنیادی مسائل بروقت حل ہو سکیں۔
اعلامیے کے مطابق، صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ بین الصوبائی تعاون کے فروغ سے نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی بلکہ ملکی استحکام کی کوششوں کو بھی مزید تقویت حاصل ہوگی۔ انہوں نے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ کاوشوں کو ملک کی مجموعی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔

WhatsApp
Get Alert