عوام کو بہترین سفری سہولیات کیلئے گرین بسیں تحصیلوں تک پہنچائیں گے: مریم نواز

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ صوبے میں عوام کو جدید، محفوظ اور باعزت سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، پنجاب کی تمام تحصیلوں تک گرین بسیں پہنچائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے 6 اضلاع میں گرین بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں انہوں نے بتایا کہ گرین بس سروس کو مرحلہ وار تمام تحصیلوں تک توسیع دی جائے گی جبکہ اگلے مرحلے میں تحصیل سطح پر بھی بسیں چلائی جائیں گی، یہ سروس خصوصاً خواتین کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرین بسیں جدید، اے سی اور ماحول دوست ہیں جبکہ ان کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ رواں سال 1100 بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی اور آئندہ تین سال میں مجموعی طور پر 5000 بسیں شامل کرنے کا ہدف ہے۔
مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور عوام کو معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ ٹرانسپورٹ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور پورے محکمے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت محنت، ذمہ داری اور بہترین انداز میں اس منصوبے کو آگے بڑھایا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو شاباش دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت سے عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
