پاکستانی نوجوان راتوں رات امیر ہونے کے لیے کہاں انویسٹ کر رہے ہیں؟ بڑا انکشاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستانی نوجوانوں نے پیسہ کمانے کے لئے اسٹاک مارکیٹ کا رخ کر لیا، نئے رجسٹرڈ ہونے والے سرمایہ کاروں میں 18 سے 30 سال کے نوجوانوں کا تناسب 41 فیصد رہا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بڑھتے ہوئے معاشی استحکام اور اسٹاک مارکیٹ کی مسلسل بہترین کارکردگی کے باعث نوجوان سرمایہ کاروں کی تعداد میں نمایاں اور ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
عالمی جریدے ‘عرب نیوز’ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک کے مضبوط ہوتے ہوئے میکرواکنامک اشاریے اور نوجوانوں کی بھرپور شرکت پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے روشن مستقبل کی عکاسی کر رہی ہے۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران، اگست سے مئی تک کے عرصے میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 80 ہزار 148 نئے ریٹیل سرمایہ کاروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اپنے اکاؤنٹس رجسٹرڈ کروائے۔
اس رجسٹریشن میں سب سے دلچسپ اور اہم پہلو نوجوانوں کی شرکت ہے، نئے رجسٹرڈ ہونے والے سرمایہ کاروں میں 18 سے 30 سال کے نوجوانوں کا تناسب 41 فیصد رہا، جن کی کل تعداد 74 ہزار 629 ریکارڈ کی گئی ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اس وقت ماہانہ اوسطاً 15 ہزار نئے اکاؤنٹس کا اضافہ ہو رہا ہے، اور ان میں بھی تقریباً 40 فیصد تعداد نوجوان سرمایہ کاروں کی ہے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ 3 برسوں کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ڈالر کی بنیاد پر سالانہ 66 فیصد منافع دیا ہے، جو کہ اس وقت پورے خطے میں کسی بھی اسٹاک مارکیٹ کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
معاشی ماہرین اور رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے کی جانے والی حالیہ معاشی اصلاحات اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پروگرام کے باعث ملک میں آنے والے میکرواکنامک استحکام نے اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو غیر معمولی طور پر مضبوط بنایا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ روایتی سرمایہ کاری کے بجائے اب ملک کا نوجوان طبقہ شیئرز مارکیٹ کا رخ کر رہا ہے، جو کہ ملکی معیشت کے لیے ایک انتہائی مثبت اور خوش آئند علامت ہے۔
