سرکاری قیمت پر سستی ایل پی جی کہاں سے خریدیں؟

کراچی(قدرت روزنامہ)حکومت نے حال ہی میں ایل پی جی کے نرخوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے لیکن سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کہاں مل رہی ہے؟
سرکاری ریٹ پر ایل پی جی خریدنا چاہتا ہوں ۔۔۔ میری سادگی دیکھ میں کیا چاہتا ہوں۔ کل سے پاکستانی عوام ایل پی جی کی تلاش میں یہی شعر گنگنا رہی ہے۔
حکومت نے نئے مالی سال پر فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں کمی کرتے ہوئے 67.33 روپے سستی کرنے کا اعلان کیا، لیکن اس کے ثمرات شہریوں تک نہیں پہنچ پائے۔
سرکاری قیمت میں کمی کے بعد اب فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 241.33 پیسے ہو چکی ہے۔ لیکن کراچی ہو یا لاہور یا ملک کا کوئی دوسرا شہر کہیں بھی ان سرکاری نرخوں پر ایل پی جی نہیں مل رہی ہے۔
کراچی کی مارکیٹ میں ایل پی جی فی کلو 360 سے 380 روپے فی کلو تک بیچی جا رہی ہے، جب کہ لاہور میں ایل پی جی کی قیمت تو آسمان پر پہنچی ہوئی ہے اور وہاں فی کلو 460 سے 480 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔
عوام سوال کر رہے ہیں کہ آخر وہ ایل پی جی مراکز کہاں ہیں، جہاں سے سرکاری نرخوں پر انہیں ایل پی جی مل سکے گی۔
