پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کا فیصلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں انتخابی عمل میں حصہ لینا کشمیری عوام کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا۔
پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے عوام کی امنگوں، حقِ خودارادیت اور جمہوری حقوق کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور موجودہ حالات میں انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ اصولی مؤقف کے تحت کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق آزاد کشمیر اس وقت شدید سیاسی اور عوامی بحران کا شکار ہے، جہاں راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور دھرنے دے رہے ہیں، جبکہ طاقت کے استعمال سے قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا ہے۔ پارٹی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خوردونوش کی ترسیل بند ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ صورتحال آزاد جموں و کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو متاثر کر رہی ہے اور ایسے اقدامات پاکستان کی تاریخی کشمیر پالیسی کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ جب سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں، قیادت کی گرفتاریاں، میڈیا پر پابندیاں اور اظہارِ رائے کی آزادی محدود ہو تو ایسے ماحول میں انتخابات اپنی شفافیت اور اہمیت کھو دیتے ہیں۔
پارٹی نے واضح کیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، جمہوری مطالبات اور منصفانہ سیاسی عمل کی حمایت جاری رکھے گی اور حالات معمول پر آنے تک انتخابی عمل میں شریک نہیں ہوگی۔
پی ٹی آئی کے مطابق جب تک تمام سیاسی و عوامی قوتوں کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے معاملات افہام و تفہیم سے حل نہیں ہوتے، انتخابی شیڈول پر نظرثانی نہیں کی جاتی اور تمام جماعتوں کو مساوی اور آزادانہ انتخابی ماحول فراہم نہیں کیا جاتا، تب تک پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر پارلیمانی بورڈ کی جانب سے امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تمام سفارشات بھی فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں اور موجودہ غیر معمولی حالات میں انتخابی عمل سے متعلق مزید پیش رفت آئندہ فیصلے تک مؤخر رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert