حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی،پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 309 روپے 50پیسے ہوگئی ہے، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں انتہائی کمی کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں صرف ایک روپے 97 پیسے کمی کی ہے۔
تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 309 روپے 50پیسے ہوگئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوگا۔دوسری جانب 02 جولائی کی رپورٹ کے مطابق قطر میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کے اختتام کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔
قطری حکام نے مذاکرات کو “مثبت پیش رفت” قرار دیا، جس کے بعد سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آئی اور تیل کی قیمتیں نیچے آگئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 73 سینٹ یا 1.02 فیصد کمی کے بعد 70.84 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 83 سینٹ یا 1.21 فیصد کمی کے بعد 67.75 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ تجارتی سیشن میں بھی دونوں عالمی معیار کے خام تیل کی قیمتیں ایک فیصد سے زائد گر گئی تھیں، جو گزشتہ چار ماہ کی کم ترین سطح سمجھی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں نے دوحہ میں دو روز تک جاری رہنے والی بات چیت کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت، عالمی جہاز رانی کی سلامتی اور ایران کے منجمد مالی اثاثوں کی بحالی جیسے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے جنگ سے قبل عالمی سطح پر خام تیل کی تقریبا 20 فیصد سپلائی گزرتی تھی۔ اسی وجہ سے اس علاقے میں کشیدگی یا استحکام کا براہِ راست اثر عالمی توانائی کی منڈیوں پر پڑتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert