بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خط، املاک کی سستے داموں نیلامی روکنے کی اپیل

اربوں روپے کی جائیدادیں کوڑیوں کے دام بیچی جا رہی ہیں، لاکھوں پاکستانیوں کی جمع پونجی خطرے میں ہے۔ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کا مئوقف


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈمارشل سید عاصم منیر کو ایک اہم خط لکھ کر اپنی قیمتی املاک کی مبینہ طور پر سستے داموں نیلامی کے خلاف مداخلت کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے خط میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں اور زمینیں ان کی اصل مارکیٹ ویلیو سے انتہائی کم قیمت پر نیلام کی جا رہی ہیں، جس سے شفافیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں میں اوورسیز پاکستانیوں، بیواؤں اور عام شہریوں سمیت لاکھوں خاندانوں کی 372 ارب روپے سے زائد کی عمر بھر کی جمع پونجی لگی ہوئی ہے، جو اس وقت شدید خطرے میں ہے۔
بحریہ ٹاؤن نے آرمی چیف سے استدعا کی ہے کہ اس پورے معاملے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور فی الحال املاک کی نیلامی کو فوری روکا جائے، خط میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن خود کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھتا اور تمام دیرینہ تنازعات کو قانون، بات چیت اور ثالثی کے ذریعے حل کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

WhatsApp
Get Alert