ہنہ اوڑک میں دہشت گردوں کا حملہ، نقیب اللہ شہید؛ گھنٹوں محاصرہ، عوام خود دفاع پر مجبور، صوبائی حکومت اور اداروں کی مجرمانہ غفلت بے نقاب، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک شدید مذمتی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آج شام تقریباً 4 بجے ہنہ اوڑک کے علاقے کلی بیری پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کرکے علاقے کا محاصرہ کر لیا، جس کے باعث علاقے کے عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔ پارٹی کے مطابق یہ دہشت گردی کا واقعہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس میں نوجوان نقیب اللہ شہید ہو گئے جبکہ متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ افسوسناک واقعہ صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال، حکومت، سول انتظامیہ اور متعلقہ ریاستی اداروں کی سنگین ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے نوجوان نقیب اللہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا، شہید کے درجات کی بلندی اور مغفرت کی دعا کی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ واقعے کے آغاز کے فوراً بعد پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے ذمہ دار ساتھیوں نے مسلسل اعلیٰ حکومتی حکام، سول انتظامیہ اور متعلقہ سکیورٹی اداروں کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا، لیکن انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مسلسل اطلاعات اور رابطوں کے باوجود حکومت اور متعلقہ ادارے کئی گھنٹوں تک مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہے اور بہت تاخیر سے حرکت میں آئے۔ اس مجرمانہ غفلت اور تاخیر کے باعث عوام دہشت گردوں کے محاصرے میں رہے اور انہیں اپنی جان و مال، گھروں اور خاندانوں کے تحفظ کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت مزاحمت کرنا پڑی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا، بروقت کارروائی نہ کرنا اور کئی گھنٹوں تک ریاستی مشینری کا مؤثر کردار ادا نہ کرنا حکومت، انتظامیہ اور متعلقہ سکیورٹی اداروں کی سنگین نااہلی، غیر ذمہ داری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکامی کا ثبوت ہے۔ اگر شہری اپنی حفاظت کے لیے خود مزاحمت پر مجبور ہوں تو یہ ریاستی رٹ اور حکومتی عملداری پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا وطن بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی، قتل و غارت، مسلح حملوں اور بدامنی کے مسلسل واقعات اس امر کا ثبوت ہیں کہ حکومت اور متعلقہ ادارے امن و امان قائم رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، اور اس مسلسل ناکامی کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ہنہ اوڑک کے واقعے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، شہید نقیب اللہ کے قتل میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، واقعے میں تاخیر اور غفلت کے ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی کی جائے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ علاقے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مستقل اور مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
بیان کے آخر میں کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن، انصاف اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور حکومت کی ناکام، غیر ذمہ دارانہ اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہر جمہوری فورم پر بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert