ہنہ اوڑک میں بار بار حملے حکومتی کارکردگی اور رٹ پر بڑا سوالیہ نشان ہیں؛ عوام کو بے یار و مددگار چھوڑنے پر سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی برہم

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں پیش آنے والے حالیہ حملے اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسلسل واقعات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ امن و امان کے قیام کے لیے مثر اقدامات کی ضرورت ہے اپنے جاری کردہ بیان میں سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی نے کہا کہ ہنہ اوڑک اور گردونواح میں وقفے وقفے سے پیش آنے والے واقعات نے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیاان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل بھی اسی علاقے کلی ببری میں مسلح افراد نے مقامی لوگوں پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد قبائلی عمائدین اور علاقہ مکینوں نے احتجاجی دھرنا دیا انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران حکومتی نمائندوں نے قبائلی مشران کو یقین دہانی کرائی تھی کہ حملے میں ملوث عناصر کے خلاف مثر کارروائی کی جائے گی، جس پر دھرنا ختم کر دیا گیا، تاہم ان کے بقول ایک ہفتہ بھی مکمل نہیں ہوا تھا کہ اسی علاقے میں دوبارہ حملہ پیش آیا، جس سے مقامی آبادی میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
سینیٹر نے کہا کہ ایسے واقعات عوام میں یہ تاثر پیدا کر رہے ہیں کہ متعلقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حالات کی سنگینی کو تسلیم کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مثر اقدامات کرے نہوں نے کہا کہ عوام کی اولین توقع یہ ہے کہ ریاست اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کو تحفظ فراہم کریں۔ ان کے مطابق اگر لوگوں کو بار بار اپنی حفاظت کے لیے خود اقدامات کرنے پر مجبور ہونا پڑے تو اس سے عوام کے اعتماد پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہنہ اوڑک اور دیگر حساس علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات مزید مثر بنائے جائیں، ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔
انہوں نے حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔سینیٹر کاسی نے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہنہ اوڑک اور گردونواح میں امن کی بحالی، عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ اور مثر حکمت عملی اختیار کریں تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں اور علاقے میں معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔
