ہنہ اوڑک واقعہ؛ حکومت امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکام، بدھ کو عظیم الشان جلسہ ہوگا، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور دیگر رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ہنہ اوڑک کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی اور انصاف کے مطالبے کے لیے بی اے مال کے سامنے جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ہنہ اوڑک کے المناک واقعے میں اب تک چار افراد شہید، گیارہ لاپتہ اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے کوئی مؤثر اور عملی اقدامات سامنے نہیں آئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کی فوری بازیابی، ملوث دہشت گرد عناصر کی گرفتاری اور متاثرہ خاندانوں کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ پارٹی رہنماؤں نے ہنہ اوڑک دھرنا کمیٹی کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
بعد ازاں مولوی رحمت اللہ کی صدارت میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی نمائندگی صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے کی۔ آل پارٹیز کانفرنس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بروز بدھ بی اے مال کے سامنے ایک عظیم الشان عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، وکلاء، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کریں گے۔ بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ بروز بدھ بی اے مال کے سامنے منعقد ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں۔
