آرمی چیف اور وزیراعظم شہداء کے لواحقین سے ملاقات کریں ورنہ بے چینی بڑھے گی؛ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ اگر آرمی چیف اور وزیراعظم شہداء کے لواحقین سے ملاقات نہیں کرتے اور ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی جاتی تو اس سے بلوچستان کے عوام میں مزید بے چینی پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں تمام سیاسی، قبائلی اور سماجی قیادت کو متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا چاہیے۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ زیارت، ہنہ اوڑک اور دیگر علاقوں میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیارت، ہنہ اوڑک اور دیگر متاثرہ علاقوں کے لواحقین کو فوری انصاف، مالی معاونت اور ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکن اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، عوامی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے لیے مخلصانہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امن، انصاف اور استحکام کے ذریعے ہی بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
