ایندھن بحران؛ کیوبا میں الیکٹرک اور سولر پینل والے رکشے سڑکوں پر دوڑنے لگے

کیوبا(قدرت روزنامہ)کیوبا میں طویل ایندھن بحران اور بجلی کی قلت کے باعث چینی ساختہ الیکٹرک تین پہیوں والی گاڑیاں (ٹرائی سائیکلز) شہریوں کی آمدورفت کا اہم ذریعہ بن گئی ہیں، جبکہ متعدد مالکان نے انہیں شمسی توانائی سے بھی جوڑ دیا ہے۔

کیوبا میں کئی برسوں سے جاری ایندھن کے بحران نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک زمانے میں ملک کی شناخت سمجھی جانے والی کلاسک گاڑیوں کی جگہ اب چینی ساختہ الیکٹرک ٹرائی سائیکلز نے لے لی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ الیکٹرک تین پہیوں والی گاڑیاں اب لاکھوں کیوبن شہریوں کے لیے آمدورفت، سامان کی ترسیل اور مختصر فاصلے طے کرنے کا بنیادی ذریعہ بن چکی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ متعدد مالکان نے ان گاڑیوں پر شمسی پینل بھی نصب کر لیے ہیں، جس سے وہ بیٹریاں چارج کرکے ملک میں بجلی کی طویل بندش کے دوران بھی انہیں استعمال میں رکھتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رواں سال جنوری میں کیوبا کو تیل فراہم کرنے والے ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کے بعد جزیرے میں تیل کی سپلائی مزید متاثر ہوئی۔

ایندھن اور بجلی کے بحران کے باعث ملک میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ، خوراک اور ادویات کی قلت اور سرکاری ٹرانسپورٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد الیکٹرک ٹرائی سائیکلز شہری زندگی کا لازمی حصہ بن گئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی اور توانائی بحران کے پیش نظر الیکٹرک ٹرائی سائیکلز مستقبل میں بھی کیوبا کے ٹرانسپورٹ نظام کا اہم حصہ رہیں گی۔

WhatsApp
Get Alert