حوثیوں کا سعودی عرب کے جنوب میں بیلسٹک میزائل حملہ

حوثیوں نے عسیر ایئربیس پر بیلسٹک میزائل فائر کئے، میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، ترجمان سعودی اتحادی فورس


ریاض(قدرت روزنامہ)حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوب میں شہر عسیر میں بیلسٹک میزائل حملہ کیا، لیکن سعودی دفاع نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔ غیرملکی میڈیا کی تازہ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے شہر عسیر میں ایئربیس کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ غیرملکی میڈیا نے یمن میں سعودی اتحادی فورس کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حوثیوں نے بیلسٹک میزائل فائر کئے۔
سعودی عرب کے جنوب میں حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ حوثیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کے شہرعسیر ریجن میں ایک فوجی ایئربیس کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ تاہم سعودی حکام نے عسیر ایئربیس پر میزائل حملے کے کسی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔
فضائی دفاعی نظام نے جنوبی سعودی عرب کی جانب آنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
دوسری جانب یہ پیش رفت صنعاء بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حالیہ حملوں کے بعد سامنے آئی ہے، جن کا الزام حوثیوں نے سعودی عرب پر عائد کیا۔ حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی تھی، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب ڈی ڈبلیو کے مطابق امریکی فضائی حملوں کے بعد ایران نے خلیجی ممالک میں حملوں کا دائرہ وسیع کر دیا۔
ایران کی جانب سے پیر کو جاری بیانات میں دعویٰ کیا گیا کہ اس نے بحرین، اردن اور کویت میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائیاں گزشتہ 24 گھنٹوں سے زائد عرصے کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان جاری شدید میزائل اور ڈرون حملوں کے تبادلے کے بعد سامنے آئیں۔ اتوار کے روز قطر، عمان، متحدہ عرب امارات، اردن، بحرین اور کویت نے مختلف نوعیت کے حملوں یا خطرات کی اطلاع دی۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے اردن میں امریکی اتحادی افواج کے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ڈرون ہینگرز کو تباہ کر دیا، جبکہ کویت میں امریکی ریڈار تنصیبات اور راکٹ لانچر نظام کو بھی نشانہ بنایا۔ مزید برآں العربیہ اردو کے مطابق قطر کی وزارتِ نقل و حمل نے گزشتہ روز بیان میں بحری جہازوں کے مالکان اور دیگر تمام بحری جہازوں بشمول تفریحی و ماہی گیر کشتیوں، جیٹ سکیئنگ کرنے والی کشتیوں کے استعمال کنندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ عارضی طور پر جہازرانی اور تمام بحری سرگرمیاں معطل کر دیں۔ تاہم وہ جہاز مستثنیٰ ہیں جو بین الاقوامی سمندری کنونشنز کے تابع ہیں اور قابلِ اطلاق ضوابط اور طریقہ کار کے مطابق کام کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert