فضل الرحمان کا خطاب نہیں سنا، شہدا کے حوالے سے انکی گفتگو سے متفق نہیں: پی ٹی آئی چیئرمین

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا خطاب نہیں سنا اور شہدا کے حوالے سے ان کی گفتگو سے متفق نہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ ہمارے فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، تنخواہ تو کیا دنیا کے سارے خزانے شہدا کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنےجوانوں کے قربانیوں کے معترف ہیں، سلام پیش کرتے ہیں، سیاسی لیڈروں کو شہدا کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، شہید کی جو موت ہے قوم کی حیات ہے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھاکہ اپنے شہداکی قربانیوں کا اعتراف کرتےہیں، ان کاخون کبھی رائیگاں نہیں جائےگا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان کا خطاب نہیں سنا، شہدا کے حوالے سے ان کی گفتگوسے متفق نہیں، سیاستدانوں کو اپنے جوش خطابت میں الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کرنی چاہیے۔
