ایپل کا سب سے بڑا آئی فون اپ ڈیٹ متوقع، پہلا فولڈیبل آئی فون بھی ستمبر 2026 میں متعارف کرائے جانے کا امکان

نیویارک(ـقدرت روزنامہ)مختلف رپورٹس کے مطابق ایپل ستمبر 2026 میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی آئی فون اپ ڈیٹ متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور ایپل کا پہلا فولڈیبل آئی فون پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

اگرچہ ایپل نے ان منصوبوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم بلومبرگ کے معروف صحافی مارک گورمن سمیت متعدد ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نئی نسل کے آئی فونز، فولڈیبل ڈیوائسز اور مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس نئی مصنوعات پر کام کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل کی سالانہ لانچ تقریب 8 یا 9 ستمبر 2026 کو منعقد ہو سکتی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات ان ابتدائی ممالک میں شامل ہونے کا امکان ہے جہاں تقریب کے فوراً بعد نئے آئی فونز کی پری آرڈر بکنگ شروع کی جائے گی۔ صارفین کو نئے فونز کی فراہمی 18 ستمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ ایپل اپنی آئی فون سیریز کو دو مراحل میں متعارف کرا سکتا ہے۔ پہلے مرحلے میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور فولڈیبل آئی فون لانچ کیے جائیں گے، جبکہ معیاری آئی فون 18، آئی فون 18e اور نئی نسل کا آئی فون ایئر 2027 کے آغاز میں پیش کیے جا سکتے ہیں۔

ڈیزائن کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ آئی فون 18 پرو سیریز کا مجموعی انداز موجودہ ماڈلز سے ملتا جلتا ہوگا، تاہم بڑے کیمرا ماڈیول، زیادہ طاقتور بیٹری، بہتر ویپر چیمبر کولنگ سسٹم اور نئے رنگ متعارف کرائے جا سکتے ہیں، جن میں ڈارک چیری، لائٹ بلیو، سلور اور ڈارک گرے شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کئی برسوں سے زیر گردش افواہوں کے بعد ایپل کا پہلا فولڈیبل آئی فون بھی اسی تقریب میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس ڈیوائس میں مضبوط ہنج، بہتر پائیداری اور اعلیٰ صارف تجربے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جبکہ اسے آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ ایک پریمیم ماڈل کے طور پر فروخت کیا جائے گا۔

قیمتوں کے حوالے سے بھی بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ آئی ڈی سی کی سینئر ڈائریکٹر برائے ڈیٹا اینڈ اینالیٹکس نبیلہ پوپل کے مطابق بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمت میں 200 امریکی ڈالر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے بعد یہ ایپل کی اب تک کی مہنگی ترین مین اسٹریم آئی فون سیریز بن سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو میں نئی 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی A20 Pro چپ، بہتر کیمرا سسٹم، ویری ایبل اپرچر ٹیکنالوجی، مزید جدید فیس آئی ڈی، چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ اور پہلے سے بہتر بیٹری لائف جیسے نمایاں فیچرز شامل کیے جا سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert