ٹینکر مافیا کا راج؛ کوئٹہ کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پانی کے شدید بحران کے باعث شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر آ گئے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی خاموشی پر عوام نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کے باعث ایک واٹر ٹینکر کی قیمت 3 سے 8 ہزار روپے تک وصول کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں، خصوصا متوسط اور غریب طبقے، کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت بھی اب ان کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ شہریوں کے مطابق متعلقہ حکام کی جانب سے قیمتوں پر قابو پانے اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی مثر اقدامات نظر نہیں آ رہے، جس کے باعث ٹینکر مافیا من مانے نرخ وصول کر رہا ہے۔عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جانب حکومت بلوچستان ترقی، بہتر شہری سہولیات اور عوامی خدمت کے دعوے کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت کے شہری پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں۔شہریوں نے وزیراعلی بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کے بحران پر فوری قابو پایا جائے، ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے اور سرکاری سطح پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

WhatsApp
Get Alert