پنجاب حکومت خوابوں کی تعبیر تک نوجوانوں کا ساتھ دے گی: مریم نواز

عارف والا(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت خوابوں کی تعبیر تک نوجوانوں کا ساتھ دے گی۔
عارف والا میں نواز شریف سکول آف ایمیننس کے 10 سکولوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ طلبا کیلئے ہونہاراسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے، تاکہ وسائل کی کمی کسی بھی باصلاحیت نوجوان کی تعلیم میں رکاوٹ نہ بنے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، تاہم پنجاب کے طلبا کو تمام مواقع اور وسائل مہیا کریں گے، حکومت سرکاری سکولوں کو جدید تعلیمی اداروں میں تبدیل کر رہی ہے، جہاں غریب اور امیر کے بچوں کو یکساں سہولتیں اور مواقع میسر ہوں گے، انہوں نے بچوں کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو معاشرتی تفریق ختم کر کے ترقی کے دروازے کھولتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ بارشوں کے موسم میں بچوں کو غیر محفوظ مقامات پر نہ بھیجیں، حالیہ دنوں میں ایک زیرِ تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 14 بچوں کی جانیں ضائع ہوئیں، جس کا انہیں بے حد دکھ ہے، جب بھی کسی بچے کے نالے، ٹرین یا کھلے مین ہول میں گرنے کی خبر سنتی ہوں تو شدید تکلیف ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسلسل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو کھلے مین ہول بند کرنے کی ہدایات دے رہی ہے، تاہم بعض شرپسند عناصر رات کے وقت ان کے ڈھکن چرا لیتے ہیں، جس سے شہریوں خصوصاً بچوں کی جان خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ان پر پنجاب کے 13 کروڑ عوام اور لاکھوں طلبہ کی ذمہ داری ہے، اسی لیے حکومت تعلیم اور طلبہ کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے، جن بچوں کے پاس معیاری سفری سہولت نہیں، ان کے لیے گرین الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار مسلسل بڑھایا جا رہا ہے تاکہ وہ محفوظ اور آرام دہ سفر کر سکیں۔
وزیراعلیٰ نے طلبہ سے کہا کہ وہ فخر سے کہیں کہ وہ سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کیونکہ حکومت نے سرکاری سکولوں میں بھی وہی سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کیا ہے جو مہنگے نجی تعلیمی اداروں میں دستیاب ہیں، تعلیم سب سے بڑی برابری پیدا کرنے والی قوت ہے اور اعلیٰ تعلیم انسان کے لیے ترقی کے نئے راستے کھول دیتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے غیرمعمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں ایک ہزار نشستوں کے لیے پانچ پانچ ہزار طلبہ نے ٹیسٹ دیا، ان سکولوں میں ایک ڈی ایس پی کا بچہ بھی پڑھتا ہے اور ایک مزدور کا بچہ بھی، کیونکہ ٹیلنٹ کا تعلق دولت سے نہیں ہونا چاہیے۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ طلبہ کے لیے ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور مزید 50 ہزار ہونہار اسکالرشپس دی جائیں گی، پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں 40 ارب روپے کی لاگت سے تمام بنیادی سہولتوں کی کمی دور کی جا رہی ہے، جن میں نئے کلاس رومز، فرنیچر، باتھ روم، صاف پانی، پنکھے اور دیگر ضروری سہولتیں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت سائنس، ٹیکنالوجی، ریاضی، کمپیوٹر اور آئی ٹی لیبز قائم کر رہی ہے، جبکہ پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت کی لیبز بھی بنائی جا رہی ہیں تاکہ پنجاب کے طلبہ بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے بچوں کی طرح جدید علوم حاصل کر سکیں، انہوں نے طلبہ کو اے آئی، مشین لرننگ اور روبوٹکس سیکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہی مہارتیں مستقبل میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا اپنا بیٹا بھی سرکاری سکول میں زیر تعلیم ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت سرکاری تعلیمی نظام پر اعتماد رکھتی ہے، پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں تبدیلی کا یہ صرف آغاز ہے اور جلد ہی صوبے بھر میں 300 جدید سکول قائم کیے جائیں گے۔
