پاکستان نے سعودی حکومت سے حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست کر دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت سے پاکستان کا حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست کر دی ہے۔
قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا جس میں حج 2026 کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی حج نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زائد حاجیوں کے باوجود شکایات کم ہو کر تقریباً 3 ہزار رہ گئیں۔ اس پر چیئرمین کمیٹی شگفتہ جمانی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شکایات اب بھی نمایاں اور انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں۔
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ بیشتر مسائل فوری حل کیے جبکہ مجموعی کارکردگی پر سعودی عرب نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2027 کیلیے اب تک 3 لاکھ 25 ہزار رجسٹریشن ہو چکی ہیں، سعودی حکومت سے پاکستان کا حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست کر دی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 تا 2030 کیلیے گھر بیٹھے ڈیجیٹل حج رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر رجسٹرڈ عازمین حج کی تعداد سوا 3 لاکھ سے زائد ہوگئی، پورٹل سے 2 لاکھ 83 ہزار جبکہ موبائل ایپ ’پاک حج‘ سے 43 ہزار عازمین رجسٹرڈ ہوئے۔
حکام نے مزید بتایا کہ 2 لاکھ 35 ہزار افراد نے سرکاری اسکیم جبکہ 90 ہزار افراد نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا، رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 91 ہزار مرد جبکہ 1 لاکھ 34 ہزار خواتین شامل ہیں، آن لائن حج رجسٹریشن کا عمل اگلے اعلان تک جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ نے حج واجبات کی آن لائن وصولی کا نظام بھی تیار کر لیا، حج پیکج کی تفصیلات اور رقوم کی وصولی کا طریقہ کار جلد جاری کیا جائے گا۔
