نورین نیازی کا بیان بانی پی ٹی آئی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے عمران خان کی بہن نورین نیازی کے پاک بھارت جنگ کے حوالے سے متنازع بیان پر ردعمل دے دیا۔
عظمیٰ بخاری نے بیان میں کہا کہ نورین نیازی کا متنازع بیان اپنے بھائی عمران خان کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، اس فیملی کو پاکستان کی ہر کامیابی سے تکلیف ہوتی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے بھارت کو معرکہ حق میں عبرتناک شکست دی، نورین نیازی کا فاشسٹ مودی کے حق میں بات کرنا شرمناک اور قابل مذمت ہے، عمران خان اور ان کی بہنیں دنیا کی عقل کُل شخصیات ہیں یا پاگل ترین نمونے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی کامیابیوں پر پوری قوم کو فخر ہے، معرکہ حق میں افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے تاریخی کارنامے رقم کیے، ہر پاکستانی کو عظیم اور بہادر افواج پر فخر ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان اور ان کی فیملی کی طرف سے پاکستان کیلیے کبھی کوئی خیر ہو ہی نہیں سکتی۔
