لاہور: ماں اور تین بچوں کی لاشیں ملنے کا واقعہ، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور کے علاقے ویلینشیا ٹاؤن سے ماں اور تین بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعے کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں ماں اور تین بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاشیں پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ماں اور بچوں کی اموات زہر خورانی سے ہوئی ہے، 2 بچوں کے کپڑوں پر قے کی باقیات موجود تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں کو زہر دیا گیا یا زہریلی شہ سے اموات ہوئیں اس کا فیصلہ حتمی رپورٹ سے ہوگا۔

اس سے قبل بچوں کے والد ناصر نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ بیوی گزشتہ تین سال سے ذہنی دباؤ اور نفسیاتی کیفیت میں مبتلا تھی اور اس نے چھ ماہ قبل اپنی ادویات کھانا چھوڑ دی تھیں۔

والد نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ذہنی حالت ٹھیک نہ ہونے کے باعث شاید بیوی نے ہی آئس کریم میں کچھ ملا کر بچوں کو دیا ہو۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ نہایت پیچیدہ ہے اور اس کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں گھر سے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جبکہ والدہ نے اسپتال میں دم توڑا تھا۔

WhatsApp
Get Alert