لاٹھی گولی نہیں بلکہ آئین و قانون کا منصفانہ استعمال ہی اصل راستہ ہے، خواجہ سعد رفیق

نہ تو ہر مخالف کو پکڑا جا سکتا ہے اور نہ ہی ہر ایک کا منہ بند کیا جا سکتا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں ایسی کوششیں کرنے والے کبھی بھی کامیاب نہیں ہوئے؛ مسلم لیگ ن کے رہنماء کا بیان


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی و سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال، داخلی مسائل اور ریاستی حکمتِ عملی کے حوالے سے ایک انتہائی اہم بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ سیاسی مخالفین کو طاقت کے زور پر دبانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوتیں اور پیچیدہ مسائل کا حل صرف آئین و قانون کی بالادستی میں ہی ممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نہ تو ہر مخالف کو پکڑا جا سکتا ہے اور نہ ہی ہر ایک کا منہ بند کیا جا سکتا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں ایسی کوششیں کرنے والے کبھی بھی کامیاب نہیں ہوئے۔

انہوں نے سیاسی و ریاستی حکمتِ عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اشتعال میں آنے اور اپنے مخالفین کو ‘فکس اپ’ کرنے کی بجائے اصل راستہ یہ ہے کہ مخالفین کے بیانیے کا مقابلہ ایک مضبوط جوابی بیانیے سے کیا جائے، یہی سیاست کا اصل اور درست طریقہ ہے، پیچیدہ سیاسی مسائل کا حل ہمیشہ ریاست اور ناراض طبقات کے بیچ ایک درمیانی راستہ تلاش کرنے میں ہی مضمر ہوتا ہے، جس کے ذریعے ہی تمام تنازعات کے دیرپا حل تلاش کیے جا سکتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے ریاستی طاقت کے استعمال پر واضح مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ داخلی مسائل سے نمٹنے کے لیے کسی بھی ریاست کی اندرونی طاقت لاٹھی، گولی، گالی یا پکڑ دھکڑ نہیں ہوتی بلکہ اس کا اصل حل آئین اور قانون کا منصفانہ استعمال ہے، اور ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال ریاستی وحدت میں دراڑیں ڈال دیتا ہے، سدا بادشاہی صرف اللہ کی ہے، رہے نام اللہ کا۔

WhatsApp
Get Alert