کاش مولانا پوری بات کرتے، حافظ طاہراشرفی کا مولانا فضل الرحمان کو جواب


لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جمیعت علمائے اسلام ف کے قائد مولانا فضل الرحمان کے وکلاء کنونشن میں دیئے گئے بیان پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے، انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر آدھا سچ بولنے اور غلط بیانی کے ذریعے تمسخر اڑانے کا الزام عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ایسا رویہ برقرار رہا تو پھر انہیں بھرپور جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ردِعمل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اس وقت ہم مولانا فضل الرحمان اور ان کے پورے گروپ کے اعصاب پر پوری طرح مسلط ہو چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے خطابات میں ہمارا تذکرہ کر رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ایک ’مولوی صاحب‘ کا حوالہ دے کر جلسے کی مبارکباد دینے اور اگلے دن رونے کے واقعے پر طاہر اشرفی نے کہا کہ کاش مولانا فضل الرحمان اپنی عادت کے برعکس پوری بات کرتے، جہاں انہوں نے عوام کے سامنے یہ ذکر کیا کہ میں نے ان سے کھانے پر بیٹھ کر کہا تھا کہ آپ کا جلسہ بہت اچھا رہا، وہاں وہ یہ بھی بتا دیتے کہ میں نے اسی وقت ان سے یہ بھی کہا تھا کہ آپ نے اپنے خطاب میں کچھ جملے اور کچھ چیزیں ضرورت سے زیادہ سخت کہی ہیں، قصور جلسے میں کچھ مزید لوگوں نے بھی وہاں گفتگو کی تھی جو کہ انتہائی غیر مناسب تھی۔

WhatsApp
Get Alert