غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا عذاب؛ قیمتی برقی آلات جل گئے، معمولاتِ زندگی مفلوج


کوئٹہ(ڈیلی قدرت) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ شدید گرمی کے موسم میں گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے، جبکہ بار بار وولٹیج میں کمی اور اچانک اتار چڑھاؤ کے باعث شہریوں کے گھروں میں نصب قیمتی برقی آلات اور مشینری جلنے لگی ہے، جس سے عوام کو لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ گرمی کی شدت میں پنکھے، ایئر کولر اور دیگر ضروری برقی آلات بند ہونے سے بزرگ، خواتین، بچے اور بیمار افراد شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ کئی علاقوں میں رات کے اوقات میں بھی گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے، جس کے باعث لوگوں کی نیند اور روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ کم وولٹیج اور بجلی کے بار بار آنے جانے سے فریج، اے سی، پنکھے، موٹرز، ٹی وی اور دیگر گھریلو برقی آلات خراب ہو رہے ہیں، مگر متعلقہ ادارے کی جانب سے اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایک طرف بجلی کے بھاری بھرکم بل وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب بنیادی سہولت کی فراہمی بھی یقینی نہیں بنائی جا رہی۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں بجلی کی مسلسل بندش کسی عذاب سے کم نہیں۔ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ پانی کی فراہمی بھی بجلی نہ ہونے کے باعث متاثر ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔ شہریوں نے حکومت بلوچستان، وزارتِ توانائی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ بجلی تقسیم کار ادارے کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے، کم وولٹیج کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے، اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس نہ لیا گیا تو شہریوں کا احتجاج شدت اختیار کر سکتا ہے، کیونکہ موجودہ حالات میں عوام شدید گرمی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے باعث مسلسل مشکلات اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert