کوئٹہ میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش، موسم خوشگوار، شہریوں نے سکھ کا سانس لیا
بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے روزمرہ زندگی معمول پر آنا شروع ہوگئی آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کہیں کہیں مزید ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان موجود ہے‘محکمہ موسمیات

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، جس کے بعد شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں نے راحت کا اظہار کیا‘ بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے روزمرہ زندگی معمول پر آنا شروع ہوگئی۔بارش کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا، جس کے باعث جناح روڈ، زرغون روڈ، ایئرپورٹ روڈ، سریاب روڈ، اسپنی روڈ اور دیگر علاقوں کی سڑکیں بارش کے پانی سے دھل گئیں اور شہر کا ماحول مزید دلکش نظر آنے لگا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کیا جبکہ بچوں نے بھی بارش سے خوب لطف اٹھایا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے جاری شدید گرمی کے بعد بارش قدرت کا حسین تحفہ ثابت ہوئی ہے، جس نے نہ صرف موسم کو خوشگوار بنایا بلکہ فضائی آلودگی میں بھی واضح کمی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو خشک سالی کے خدشات میں بھی کمی آئے گی اور زرعی شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کہیں کہیں مزید ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان موجود ہے۔ محکمہ نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ماہرین کے مطابق حالیہ بارشیں زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے، ماحول میں نمی پیدا کرنے اور درجہ حرارت میں مزید کمی کا باعث بن سکتی ہیں، جبکہ کسانوں نے بھی بارش کو فصلوں کے لیے مفید قرار دیا ہے۔بارش کے بعد کوئٹہ کا موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسی رحمتوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ گرمی کی شدت میں مزید کمی آئے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔
