بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے تحت بینق میں پہلی کامیاب گردے کی پیوند کاری، ماں نے بیٹے کو گردہ عطیہ کر دیا


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کی صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل اس وقت عبور کیا گیا جب بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورالوجی (بینق) میں بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت پہلی کامیاب گردے کی پیوند کاری مکمل کر لی گئی۔یہ کامیاب آپریشن وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن اور چیف ایگزیکٹو بینق عبد الرزاق ناصرکی نگرانی میں انجام پایا۔آپریشن کے دوران کوئٹہ کی رہائشی 56 سالہ رضیہ نے ایثار اور مادری محبت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اپنے 24 سالہ بیٹے محمد سراج کو اپنا گردہ عطیہ کیا۔ کامیاب پیوند کاری کے بعد ماں اور بیٹا دونوں خیریت سے ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔گردے کی پیوند کاری بینق کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے انجام دی۔ یورالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر اسد لانگو کی قیادت میں ڈاکٹر حیات کاکڑ، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر مقبول جبار، ڈاکٹر احمداللہ، ڈاکٹر راشد اور ڈاکٹر اسفند یار نے اہم کردار ادا کیا۔نیفرولوجی ٹیم کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ حسن نے کی، جبکہ ان کے ساتھ ڈاکٹر نادیہ، ڈاکٹر عمر بیگ، ڈاکٹر طحہ اور ڈاکٹر سعدیہ شامل تھے۔ اینستھیزیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ محمد یحییٰ، ڈاکٹر مولا بخش اور دیگر سرجنز و فزیشنز نے بھی آپریشن میں بھرپور خدمات انجام دیں۔اسی طرح پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر غفار، ڈاکٹر انور اور ڈاکٹر چاندی کپور، جبکہ ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر اعجاز، ڈاکٹر ظہور اور ڈاکٹر سلیم نے بھی اس کامیاب آپریشن میں اہم کردار ادا کیا۔بینق انتظامیہ نے اس کامیابی کو ادارے کے لیے تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے تحت گردے کی پیوند کاری کی سہولت کا آغاز صوبے کے گردوں کے مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ماں اور بیٹا دونوں کی حالت تسلی بخش ہے، جبکہ اس کامیابی کا سہرا بینق کے تمام ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکل عملے اور معاون ٹیم کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کو جاتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert