سانحہ زیارت، ہنہ اوڑک اور شاہراہوں پر مسافروں کا قتل ناکامی کا واضح ثبوت ہیں؛ مسلح جتھوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے؛ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شفاف عدالتی تحقیقات کی جائے ‘پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
مرحوم عزیز لالا شموزئی کی قومی و سیاسی خدمات پر شاندار خراجِ عقیدت؛ شہداء کے لواحقین کی پُرامن جدوجہد لائقِ تحسین ہے

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کی صوبائی ایگزیکٹو کا اجلاس صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی، تنظیمی، عوامی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور پشتون قومی تحریک کے سینئر رہنما مرحوم عزیز لالا شموزئی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ شرکاء نے مرحوم کی قومی، سیاسی اور تنظیمی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی پشتون قومی تحریک، جمہوریت اور عوامی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی و صوبائی عہدیداران سمیت ایگزیکٹو کے تمام اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں بدامنی، مسلح جتھوں کی کارروائیوں اور قومی شاہراہوں پر عوام کو درپیش خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بالخصوص گزشتہ تین دنوں میں پرائیویٹ گاڑیوں پر فائرنگ سے خواتین سمیت دیگر افراد کی ہلاکتوں، کھڈکوچہ کے مقام پر السیف کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد کی ہلاکت، اور سانحۂ زیارت و سانحۂ ہنہ اوڑک کو صوبے کی تاریخ کے المناک ترین سانحات قرار دیا گیا۔ اجلاس نے واضح کیا کہ یہ واقعات وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ ریاستی اداروں کی غفلت اور ناکامی کا واضح ثبوت ہیں، اور افسوس کا مقام ہے کہ ان سانحات کے باوجود حکومت نے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوئی قابلِ اعتماد اقدامات نہیں کیے۔
صوبائی ایگزیکٹو نے سانحۂ زیارت اور سانحۂ ہنہ اوڑک کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کی استقامت اور جرات کو سراہا۔ اجلاس نے شہداء کے خاندانوں کی جانب سے انصاف کے حصول کے لیے پُرامن اور آئینی جدوجہد، کامیاب دھرنوں اور صوبہ بھر میں ہونے والی تاریخی شٹر ڈاؤن ہڑتال کو عوامی شعور اور قومی یکجہتی کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔ اس تاریخی جدوجہد میں عوام، سیاسی کارکنوں، تاجر برادری، وکلاء، طلبہ، نوجوانوں اور خواتین کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اجلاس نے اس عوامی تحریک میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے قائدانہ اور منظم کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس کے اختتام پر پرزور مطالبہ کیا گیا کہ صوبے میں سرگرم تمام دہشت گرد گروہوں، مسلح جتھوں اور ریاستی سرپرستی یا پشت پناہی سے کام کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ قومی شاہراہوں کو ہر صورت محفوظ بنایا جائے اور سانحۂ زیارت، سانحۂ ہنہ اوڑک سمیت حالیہ تمام واقعات کی آزاد، شفاف اور بااختیار عدالتی تحقیقات کر کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو کڑی سزا دی جائے۔ پارٹی نے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے میں پائیدار امن، قانون کی بالادستی اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی جمہوری اور آئینی جدوجہد بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔
