صوبائی حکومت امن و امان میں مکمل ناکام، فوری مستعفی ہو:مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور محافظ کی شہادت نظامِ انصاف پر سنگین حملہ ہے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

بھاری سکیورٹی اور چیک پوسٹوں کے باوجود دہشتگردوں کی کارروائیاں اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں: مذمتی بیان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ نے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان شہید، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔ پارٹی نے اسے نہ صرف عدلیہ بلکہ پورے معاشرے پر ایک سنگین حملہ قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ، جن کا تعلق توبہ کاکڑی سے تھا، اور ان کے محافظ محمد زمان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ پارٹی نے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ مستونگ، کھڈ کوچہ، منگوچر، خضدار کی اہم شاہراہوں اور زیارت، ہنہ اوڑک سمیت جنوبی پشتونخوا میں مسلسل خونریز واقعات، ٹارگٹ کلنگ اور مسافروں، سرکاری اہلکاروں و عام شہریوں کا قتلِ عام اس حقیقت کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
بیان میں اس امر پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ان تمام علاقوں میں ایف سی، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی بھاری نفری، متعدد چیک پوسٹیں اور وسیع اختیارات موجود ہونے کے باوجود دہشت گرد کھلے عام کارروائیاں کر رہے ہیں۔ قومی شاہراہوں پر حملے کر کے معزز ججوں، سرکاری افسران اور بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے کے بعد ان کا باآسانی فرار ہو جانا، امن و امان کے ذمہ دار اداروں بالخصوص ایف سی کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کرتا ہے۔ پارٹی نے سوال اٹھایا کہ اگر اتنی بھاری سکیورٹی کے باوجود عوام کی جان و مال محفوظ نہیں تو پھر ان تمام انتظامات کا مقصد کیا ہے؟
پارٹی ترجمان نے مزید کہا کہ حالیہ ہفتوں میں پیش آنے والے پے در پے دہشت گرد حملوں نے ثابت کر دیا ہے کہ صوبے میں حکومت کی رٹ عملاً ختم ہو چکی ہے۔ عوام عدم تحفظ، خوف اور بے یقینی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ حکومت محض بیانات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ریاستی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مکمل ناکامی کے بعد اس حکومت کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی، سیاسی یا آئینی جواز باقی نہیں رہا۔ موجودہ حالات میں اس حکومت کا مزید اقتدار میں رہنا عوام کے ساتھ مذاق اور شہداء کے خون کی توہین کے مترادف ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مستونگ حملے سمیت حالیہ تمام دہشت گرد واقعات کی آزاد، شفاف اور غیرجانبدار عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔ ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے، اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں کا مکمل احتساب کیا جائے تاکہ مسلسل ناکامیوں کے ذمہ داروں کا تعین ہو سکے۔
بیان کے آخر میں خبردار کیا گیا کہ اگر حکومت اور متعلقہ ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے گا۔ ایسی صورتحال میں پارٹی دیگر جمہوری و سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن کی بحالی اور جوابدہی کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور احتجاجی راستہ اختیار کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert