بلوچستان بدترین انارکی کا شکار، سیشن جج مستونگ کا قتل گہری سازش کا حصہ ہے: نیشنل پارٹی

سپریم کورٹ جج کے قتل کا ازخود نوٹس لے اور جوڈیشل کمیشن سے تحقیقات کرائے: صوبائی ترجمان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے اپنے بیان میں سیشن جج مستونگ عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان سمالانی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں زخمی ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان بدترین انارکی کا شکار ہے، کوئی بھی شخص کسی کو بھی باآسانی نشانہ بنا سکتا ہے۔ مستونگ میں تواتر کے ساتھ مسافر بسوں، خواتین اور بچوں کی گاڑیوں پر حملے اور ججز کا قتل ایک گہری سازش اور بہت بڑے پیمانے پر آپریشن کا پیش خیمہ ہے۔
یہ تمام واقعات کھلی دہشت گردی اور افسوسناک ہیں جو بدترین انارکی کی وجہ سے پیش آ رہے ہیں۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے سدباب کے لیے مثبت اقدامات کرے۔ عدلیہ ہمیشہ بدترین حالات میں بھی مظلوم و محکوم لوگوں کی آخری امید رہی ہے، ججز کا قتل افسوسناک ہے۔ پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ مستونگ میں تواتر کے ساتھ ایسے واقعات کا رونما ہونے سے عوام میں ایک بے چینی اور خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے، کوئی بھی شخص محفوظ نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان سیشن جج مستونگ عبدالحکیم کاکڑ کے قتل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنا کر واقعے کی تحقیقات کرے۔ پارٹی ترجمان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert