شہریوں کو شناختی کارڈ چیکنگ کے نام پر ہراساں کرنا ناقابل قبول ’ کوئٹہ میں پولیس اور ایگل اسکواڈ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں ناکام، عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
شہریوں کے ساتھ مہذب برتاؤ کی تربیت دی جائے، ہراسانی کا سلسلہ بند نہ ہوا تو بھرپور آواز بلند کریں گے: پریس ریلیز

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں پولیس اور ایگل اسکواڈ کی جانب سے آئے روز عام شہریوں کو بلاجواز شناختی کارڈ کی چیکنگ کے نام پر ہراساں کرنا، ان کی تذلیل کرنا، غیر مہذب رویہ اختیار کرنا اور شہریوں کو بلاوجہ روک کر ذہنی اذیت میں مبتلا کرنا ناقابلِ قبول، غیر قانونی اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ عوام کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کرنا نہ صرف ان کی عزتِ نفس مجروح کرنے کے مترادف ہے بلکہ یہ بنیادی انسانی، آئینی اور شہری حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور جرائم کی روک تھام ہے، نہ کہ بے گناہ شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا یا ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کرنا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ پولیس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ کوئٹہ شہر میں چوری، ڈکیتی، رہزنی، موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی چوری، اغوا اور دیگر جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ عوام خود کو پہلے سے زیادہ غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ عوامی حلقوں میں یہ تاثر تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے کہ بعض تھانوں میں تعینات اہلکار جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام میں مطلوبہ سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، جس کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر مزید بے خوف ہو چکے ہیں اور شہریوں کی جان، مال اور عزت خطرے سے دوچار ہے۔ اگر پولیس کی تمام تر توجہ صرف شناختی کارڈ چیکنگ اور عام شہریوں کو ہراساں کرنے پر مرکوز رہے گی تو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کیسے ممکن ہوگی۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے صوبائی حکومتِ ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اور ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ باوقار، مہذب اور قانون کے مطابق برتاؤ کرنے کی باقاعدہ تربیت دی جائے، شناختی کارڈ چیکنگ کے لیے واضح اور شفاف ضابطۂ اخلاق مرتب کرکے اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، اور بے گناہ شہریوں کو بلاجواز روکنے، ہراساں کرنے اور تذلیل کا نشانہ بنانے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کے خاتمے، جرائم پیشہ عناصر کی فوری گرفتاری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ بیان کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کی عزتِ نفس، شہری آزادیوں، آئینی حقوق اور قانون کی بالادستی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کرے گی۔ اگر عام شہریوں کو ہراساں کرنے، غیر قانونی چیکنگ اور توہین آمیز رویے کا سلسلہ فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو پارٹی عوام کے ساتھ مل کر ہر جمہوری، آئینی اور قانونی فورم پر بھرپور آواز بلند کرے گی، اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
