زیارت دھرنا کمیٹی سے مذاکرات میں لیویز فورس کی بحالی کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی، میر ضیا اللہ لانگو

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ زیارت دھرنا کمیٹی سے ہونے والے مذاکرات کے دوران لیویز فورس کی بحالی کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات میں ایسا کوئی وعدہ شامل نہیں تھا جس میں لیویز کی بحالی کی ضمانت دی گئی ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر احتجاج کرنے والی اپوزیشن جماعتیں لیویز کی بحالی چاہتی ہیں تو انہیں پارلیمانی طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جماعتیں خود پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کا حصہ ہیں، اس لیے وہ باقاعدہ لابنگ کریں اور اسمبلی میں بل پیش کرکے اس معاملے کو آئینی و قانونی طریقے سے آگے بڑھائیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے، تاہم ہر معاملہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر ہی حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ احتجاج کے بجائے پارلیمانی فورمز پر اپنا مثر کردار ادا کرے تاکہ عوامی مسائل کا دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے۔
