حکومت کا پیٹرول صرف 75 پیسے سستا کرنے کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں صرف 75 پیسے فی لیٹر سستا کردیا ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 336 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 24 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے، ڈیزل کی نئی قیمت 390 روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 کے بعد ہوگا۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے نئی آئل ریفائننگ پالیسی کی منظوری دے دی، جس کے تحت تقریباً 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے، نئی پالیسی کا مقصد مقامی سطح پر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ، پرانی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، فرنس آئل کی پیداوار میں نمایاں کمی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ایندھن کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی آئل ریفائننگ پالیسی اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے، حکومت کا مؤقف ہے کہ اس پالیسی سے ناصرف پاکستان کی توانائی کے شعبے میں خود انحصاری بڑھے گی بلکہ درآمدی ایندھن پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بھی بچایا جا سکے گا۔
بتایا گیا ہے کہ پالیسی کے تحت ریفائنریز کو یورو 5 معیار کے مطابق ایندھن کی پیداوار کے لیے 7 سالہ مراعاتی پیکیج فراہم کیا جائے گا، اس کے علاوہ تمام ریفائنری آپریٹرز کو پالیسی کی منظوری کے 90 روز کے اندر اوگرا کے ساتھ قانونی طور پر قابلِ عمل معاہدے کرنا ہوں گے تاکہ اپ گریڈیشن منصوبوں کی نگرانی، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے، نئی پالیسی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے بھی متعدد اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
