ہنہ اوڑک میں شہری آبادی پر مارٹر گولہ باری قابلِ مذمت، حکومت فوری کارروائی کرے: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ہنہ اوڑک کے علاقوں شاہ نور کچھ، کلی ملک شیر اور کلی راغہ میں مبینہ طور پر مسلح جتھوں کی جانب سے مارٹر گولے داغنے، شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور گھروں کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نہتے شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا اور رہائشی علاقوں میں خوف و ہراس پھیلانا ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے واقعات نہ صرف امن و امان کے لیے خطرہ ہیں بلکہ عوام میں عدم تحفظ اور بے چینی کو بھی بڑھا رہے ہیں۔
بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مذکورہ علاقوں میں اس نوعیت کے واقعات مسلسل پیش آ رہے ہیں، تاہم متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ پارٹی کے مطابق ریاست کی بنیادی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن کا قیام اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ صوبے، خصوصاً پشتون علاقوں میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے عوام کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث شہری اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
پارٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ حملوں کی فوری، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں مستقل بنیادوں پر مؤثر حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
بیان میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی امن، قانون کی بالادستی، انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
