وزیراعظم عمران خان نے لگاتار دوسرے سال انٹرنیشنل سپورٹس پرسنلٹی ایوارڈ جیت لیا

دبئی (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں محمد بن راشد المکتوم کریٹیو سپورٹس ایوارڈز کے 11ویں ایڈیشن میں “انٹرنیشنل سپورٹس پرسنالٹی ایوارڈ” سے نوازا گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ ایوارڈز میجر جنرل شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور دبئی سپورٹس کونسل کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مطر الطائر نے دبئی ایگزیبیشن سنٹر میں پیش کئے۔
قطر اولمپک کمیٹی کے صدر شیخ جوان بن حمد الثانی کو ایکسپو 2020ء دبئی کے مرکز میں ایک شاندار پریزنٹیشن تقریب میں عرب کھیلوں کی شخصیت کا خطاب دیا گیا۔ نومبر 2021ء میں وزیراعظم عمران کو بھی اس باوقار ایوارڈ کے لیے فاتح قرار دیا گیا تھا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو کھیلوں کے ذریعے پاکستانی معاشرے کو بااختیار بنانے پر تسلیم کیا گیا۔

اپنے 21 سالہ شاندار کرکٹ کیریئر کے دوران عمران خان نے پاکستان کرکٹ میں قابل ذکر کردار ادا کیا اور 1992ء کے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ 1971ء میں اپنا ڈیبیو کرتے ہوئے عمران خان نے اپنے وقت کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک بننے کے لیے اپنے کھیل کو بہتر کیا۔ وہ اپنے دور کے سب سے زیادہ ریٹنگ والے تیز گیند بازوں میں سے ایک تھے۔ عمران خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران 88 میچوں میں 6 سنچریوں کی مدد سے 3807 رنز بنائے اور 22.81 کی اوسط سے 362 وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے میں انہوں نے 3709 رنز بنائے اور 175 میچز میں 182 وکٹیں حاصل کیں۔