چین سے تجارتی تعلقات بند کر دیں آپ کی معیشت ٹھیک ہو جائے گی، شبر زیدی

چین نے جتنا نقصان پاکستان کی معیشت کو پہنچایا اتنا امریکہ نے بھی نہیں پہنچایا، میں پہلے دن سے سی پیک کے خلاف ہوں، گیم چینجر کہہ کر عوام کو ’بیوقوف‘ بنایا گیا، سابق چیئرمین ایف بی آر کا دعویٰ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر پاکستان چین کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات بند کر دے تو ملکی معیشت بہتر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی معیشت کو جتنا نقصان پہنچایا، اتنا امریکا بھی نہیں پہنچا سکا۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ وہ پہلے دن سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مخالف رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کو “گیم چینجر” قرار دے کر عوام کو بیوقوف کیا گیا، جبکہ اس کے تحت مہنگے ترین بجلی منصوبے لگائے گئے جنہوں نے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ توانائی کے ان منصوبوں کے باعث بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور معیشت پر بھاری بوجھ پڑا۔


سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معاشی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے ایسے فیصلے کرنے چاہئیں جو قومی معیشت کے مفاد میں ہوں۔
پاکستان کی پوری تاریخ میں معیشت کو ترجیح نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی انہیں پاکستان کی تاریخ میں معیشت پر توجہ دینے کی ایک بھی مثال دکھا دے تو وہ اپنا نام “نیتن یاہو” یا “نریندر مودی” رکھ لیں گے۔ شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ملک میں ہمیشہ سیاسی اور دیگر معاملات کو ترجیح دی گئی، جبکہ معیشت کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک معاشی اصلاحات کو اولین ترجیح نہیں دی جائے گی، ملک کو درپیش اقتصادی مسائل حل نہیں ہو سکیں گے۔

WhatsApp
Get Alert