عمران خان قیدِ تنہائی میں ہیں، عدالت حقائق جاننے کیلئے آزاد کمیشن بھیجے، سلمان صفدر کا مطالبہ
بشریٰ بی بی کی پہلے ایک آنکھ متاثر ہوئی، وجہ کیا ہے معلوم نہیں، اب ان کے بچوں کے مطابق ان کی دوسری آنکھ بھی متاثر ہو رہی ہے؛ عمران خان اور ان کی اہلیہ کے وکیل کا انکشاف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے آزادانہ تحقیقات کرانے اور دونوں قیدیوں کو عدالت میں طلب کرنے کی استدعا کردی۔ اطلاعات کے مطابق سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ آٹھ اپریل کو میری عمران خان سے 65 منٹ کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں سے 60 منٹ وہ جیل میں ذہنی اذیت اور قیدِ تنہائی کے بارے میں بات کرتے رہے، میرے لیے یہ صورتحال بہت مشکل تھی کیونکہ عمران خان اپنی آنکھ کی تکلیف کا ذکر کر رہے تھے، اس کے علاوہ علیمہ خان 68 برس کی ہیں اور وہ 38 مرتبہ اڈیالہ جیل ملاقات کے لیے جا چکی ہیں لیکن ملاقات نہیں کروائی گئی۔
سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے جسٹس خادم حسین سومرو سے استدعا کی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں طلب کر کے ان کا براہِ راست مؤقف سنا جائے، اس موقع پر جسٹس خادم حسین سومرو نے سوال کیا کہ ’سلمان صفدر صاحب، آپ کیا چاہتے ہیں؟‘ جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے جواب دیا کہ ’میں حل کی طرف آتا ہوں، سب سے پہلے یہ واضح ہونا چاہیے کہ ہمارے مؤقف اور جیل حکام کے دعوؤں میں کتنا تضاد ہے‘۔
انہوں نے عدالت کے سامنے تین مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلا مطالبہ یہ ہے کہ آزاد وکلاء کا ایک پینل اڈیالہ جیل بھیجا جائے تاکہ وہ خود صورتحال کا جائزہ لے، ہمارا دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ ایک لوکل کمیشن تشکیل دیا جائے جو عمران خان کا انٹرویو کرے، جبکہ ہماری طرف سے تیسرا مطالبہ یہ ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اس عدالت میں طلب کیا جائے‘۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل کی رپورٹ پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے اور کہا کہ جو رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، اس میں کوئی رجسٹر، دستاویز یا ثبوت موجود نہیں کہ گزشتہ دس ماہ میں کتنی ملاقاتیں کرائی گئیں یا قاسم اور سلیمان کی کتنی مرتبہ فون پر بات کرائی گئی، رپورٹ میں صرف دل کی دھڑکن، آکسیجن لیول اور بلڈ پریشر کا ذکر ہے، لیکن عمران خان کی آنکھ کی تکلیف کا ایک لفظ بھی شامل نہیں۔
بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی پہلے ایک آنکھ متاثر ہوئی، تاہم اس کی وجہ کے بارے میں ہمیں کوئی معلومات نہیں، ہمارے پاس میڈیکل رپورٹس بھی موجود نہیں ہیں اور نہ ہی ہسپتال منتقل کیے جانے کی کوئی تفصیلات ہمیں معلوم ہیں، اب ان کے بچوں کے مطابق ان کی دوسری آنکھ بھی متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے۔
